چوہدری میراں داد دھمیال برادری کی شان اور سموٹ کی پہچان ہیں ۔چوہدری صاحب نے سموٹ میں اس دور میں آنکھ کھولی جب ہر طرف وڈیرا شاہی تھی ۔ غریب لوگوں کو کچلا جا رہا تھا اور انکا کوئی پرسان حال نہ تھا ۔ آپ علاقہ کے پسے ہوئے لوگوں کی آواز بن کر اٹھے اور تمام ناجائز ٹیکس اور بگار دینے سے انکار کیا۔ آپ نے اس پسماندہ علاقے کی ترقی اور خوشحالی کے لئے بہت سے فلاحی اور رفاعی کام کئے۔ آپ نے اپنے گھر میں سکول کھلوا کر علم کی ایسی شمع روشن کی جس سے ہزاروں افراد روشنی لے کر ملک و ملت کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ آپ کی کوششوں سے ہی سموٹ کو یونین کونسل کا درجہ دیا گیا اور سموٹ میں دفتر کھلا۔ سموٹ اور بیول کو ملانے والی سڑک کو کاٹ کر گزرنے والے نالہ گولین پر پہلے پہل پُلی بنوانا آپ کے کارناموں میں سے ایک ہے۔ علاقہ کے غریب عوام کو تھانہ کچہری کی ٹھوکروں سے بچانے کے لئے آپ کی بیٹھک میں ہی لڑائی جھگڑوں کے فیصلے ہوتے تھے۔ آپ نے ہمیشہ انصاف کا ترازو قائم رکھا۔ اور لوگوں کے درمیان صلح صفائی کرا کر علاقے کو پر امن اور خوشحال بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
چوہدری صاحب کی سب بڑی خوبی اور کارنامہ آپ کا چوبیس گھنٹے چلنے والا لنگر تھا۔ جس سے ہر خاص و عام مستفید ہوتا ۔ آپ کی بیٹھک کا دروازہ بلا تفریق امیر و غریب چوبیس گھنٹے کھلا رہتا۔ ہر آنے والے کی داد رسی کی جاتی ۔ چوہدری صاحب اپنے دور کی بہت قد آور سیاسی اور سماجی شخصیت تھے۔ آپ نے 1973 ء میں اس دنیائے فانی کو چھوڑا مگر اپنے کارناموں کی وجہ ہمیشہ کے لئے اپنا نام یہیں چھوڑ گئے ۔ علاقہ کے لوگ آج بھی انکا نام عزت سے لیتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ جنت میں انکے درجات بلند فرمائے ۔آمین۔
(ذوالفقارعلی وارثی دھمیال سموٹ )